ایڈمنسٹریٹر کراچی، ترجمان حکومت سندھ و مشیر قانون بیرسٹر مرتضیوہاب نے کہا ہے کہ سندھ حکومت ڈبل ون ڈبل ٹو طرز کا ریسکیو ادارہ بنارہی ہے ریسکیو ادارے کے لیے قانون سازی کردی گئی جلد منظوری لے کر ادارہ کام شروع کردے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے شیر شاہ میں ہونے والے دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی سول اسپتال میں عیادت کے موقع پر کیا، ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضٰی وہاب نے کہا کہ دکھ اور افسوس کی اس گھڑی میں ورثا کے ساتھ ہیں، دھماکے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر بہت افسوس ہوا ہے، انہوں نے کہا کہ کوئی بھی قانون سازی غیر قانونی کاموں کے لئے نہیں ہوگی، سندھ حکومت کے قانون میں غیر قانونی تعمیرات کو تحفظ نہیں دیا گیا، انہوں نے کہا کہ کمیشن بنے گا وہ فیصلہ کرے گا اور کمیشن کا سربراہ معزز عدالت کا ریٹائرڈ جج ہوگا، اس موقع پر ایم ایس سول اسپتال نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پندرہ افراد جاں بحق ہوئے ہیں اور آٹھ آفراد کو طبی امداد کے بعد اسپتال سے فارغ کردیا گیا، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی کو بتایا گیا کہ جائے وقوعہ پر امدادی کام جاری جلد مکمل کرلیا جائے گا.